مظفرآباد (انٹرنیشنل ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کے شہداء کی برسی پر قوم ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کر رہی ہے۔ مظفرآباد شہر کا کوئی گھر ایسا نہیں جس نے پیاروں کی جدائی کا صدمہ برداشت نہ کیا ہو۔
خواجہ فاروق احمد نے بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں سیکڑوں افراد زخمی ہوئے، کئی لاپتہ ہوئے اور ہزاروں مکانات، اسکول اور ہسپتال تباہ ہو گئے۔ دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان کے عوام نے متاثرین زلزلہ کی مدد کے لیے جو کردار ادا کیا، کشمیری اسے تادمِ زندگی فراموش نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج اس امر کی ضرورت ہے کہ متاثرین زلزلہ کی بحالی کے لیے فراہم کردہ فنڈز کے اخراجات کا حساب لیا جائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا متعلقہ اداروں نے فنڈز متاثرین کی باعزت بحالی پر خرچ کیے اور اس وقت جو قرض لیا گیا تھا اس کا کیا بنا۔


