انٹرنیشنل ڈیسک۔ بھارتی اداکار سنجے دت کو نام لیے بغیر مودی سرکار پر تنقید مہنگی پڑ گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر شدید ٹرولنگ کے بعد اداکار کو اس معاملے پر وضاحت دینا پڑی ہے۔ گزشتہ دنوں سنجے دت نے ایک بھارتی ٹی وی شو میں بیان دیا تھا کہ وہ بھارت میں پہلے جیسا امن محسوس نہیں کرتے ہیں۔
وہ چاہتے ہیں کہ ماضی کے وہ دن واپس آجائیں۔ شو میں وزیراعظم بننے کی سنجے دت کی پرفارمنس سے بھی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حامی سخت برہم ہوئے تھے۔
بالی وڈ اداکار کو اس پیشکش کے بعد سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس تمام صورتحال کے بعد سنجے دت کو ایک وضاحتی ویڈیو بیان جاری کرنا پڑ گیا۔
اداکار نے اپنے بیان میں وضاحت دی کہ ان کی وہ پرفارمنس مکمل طور پر اسکرپٹڈ تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مقصد کسی بھی فرد، برادری یا تنظیم کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا ہرگز نہیں تھا۔
سنجے دت کا کہنا تھا کہ ان کا ارادہ کسی کی بھی توہین کرنا یا بے عزتی کرنا نہیں تھا۔


