لاہور (این این آئی) پنجاب کے سرکاری سکولوں میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں قائم کرنے کی تجویز پیش کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔
بچوں کے تحفظ سے متعلق تعلیم کو نصاب کا حصہ بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت سکولوں میں جامع حفاظتی نظام متعارف کروانے کی تجویز ہے۔
طلبہ، اساتذہ اور والدین پر مشتمل کمیٹیاں بچوں کے مسائل کی نشاندہی اور رپورٹنگ یقینی بنائیں گی۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کے مطابق بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ اور جسمانی تحفظ کی آگاہی ضروری ہے۔
ڈیجیٹل دور میں بچوں کو سائبر بلنگ اور آن لائن ہراسگی سے محفوظ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سوشل میڈیا کے محفوظ استعمال اور آن لائن پرائیویسی سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جانی چاہیے۔
سارہ احمد کا کہنا ہے کہ بچوں کے تحفظ کے لیے صرف واقعات کے بعد کارروائی کافی نہیں بلکہ پیشگی حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔ چائلڈ پروٹیکشن پریوینشن مہم کے تحت والدین اور اساتذہ میں بھی شعور اجاگر کیا جائے گا۔
بچوں کے تحفظ سے متعلق نصابی مواد کی تیاری اور اساتذہ کی تربیت کے لیے بیورو مکمل تعاون فراہم کرے گا۔


