کراچی (این این آئی) پاکستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سیدہ حاجرہ سہیل نے سرمایہ کاری بورڈ کے مشیر سید فیروز شاہ اور جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سید ندیم عالم شاہ کی اہلیہ اور کوئٹہ چلتن لائنز کلب کی سابق صدر خدیجہ ندیم بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور مستحق طلبہ کو تعلیمی مواقع کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیدہ حاجرہ سہیل نے فیروز شاہ اور ندیم شاہ کو مستحق طلبہ کو اسکالرشپس فراہمی کے بارے میں بتایا۔ فنڈ کی جانب سے ملک بھر کے پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
این این آئی کی رپورٹ کے مطابق ادارہ نرسنگ، آرٹس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت میں اربوں روپے کے اسکالرشپس دے رہا ہے۔ سید فیروز شاہ اور دیگر شخصیات نے تعلیمی مساوات کے فروغ پر ادارے کی سربراہ کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے مستحق نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


