کراچی (این این آئی) الخیر ٹرسٹ کے زیر اہتمام گلبرگ جم خانہ میں ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں کوالیفائیڈ ڈاکٹروں نے سینکڑوں مریضوں کا طبی معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کیں۔
کیمپ میں خواتین، بچوں اور ناک، کان و گلے کے امراض کے معائنے کے علاوہ بلڈ پریشر اور شوگر ٹیسٹ کی سہولت دی گئی۔ الخیر ٹرسٹ کے ترجمان مشتاق الرحمن زاہد کے مطابق چیئرمین محمد طاہر انصاری نے کیمپ کا دورہ کیا۔
محمد طاہر انصاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کی کوشش ہے کہ کراچی کے تمام علاقوں میں مفت طبی کیمپس لگائے جائیں۔ اس سے قبل مچھر کالونی میں کیمپ لگایا گیا تھا اور اب ضلع وسطی میں سہولت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس سلسلے کو پورے شہر تک وسعت دی جائے گی۔ پسماندہ علاقوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی تاکہ مہنگائی کے باعث علاج سے محروم افراد مستفید ہو سکیں۔
محمد طاہر انصاری کے مطابق ٹرسٹ گزشتہ تین سے چار سال سے شہر کے مختلف پسماندہ علاقوں میں آنکھوں کے مفت طبی کیمپس بھی منعقد کر رہا ہے۔ ان کیمپس میں مستحق مریضوں کے مفت آپریشن اور لینز لگائے جاتے ہیں جہاں سے سیکڑوں افراد مستفید ہو چکے ہیں۔
میڈیکل کیمپ کی نگرانی الخیر ٹرسٹ کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر موسیٰ نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبیدالرحمن اور دیگر طبی عملہ بھی موجود تھا۔


