کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے شخص اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایدھی حکام کے مطابق لیاقت آباد نمبر 10 میں ناز اسکول کے قریب پراسرار فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ اس واقعے میں پندرہ سالہ لڑکا زخمی ہو گیا جس کی شناخت محمد حسیب کے نام سے ہوئی۔
زخمی طالبعلم کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب سپر ہائی وے پر فقیرا گوٹھ اور چاند بنگلے کے قریب فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا۔ اس واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت عامر جبکہ زخمی کی شناخت کامران کے نام سے ہوئی۔ دونوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔


