فائل فوٹو
کراچی (این این آئی) پاکستان کی معروف دوا ساز کمپنی گیٹز فارما کے دوسرے پیداواری یونٹ استولا مینوفیکچرنگ پلانٹ کو بھی عالمی ادارہ صحت کی پری کوالیفکیشن حاصل ہو گئی۔ اس کامیابی کے بعد کمپنی کے دو پیداواری پلانٹس کو عالمی معیار کی منظوری حاصل ہو چکی ہے۔
اس اہم کامیابی کا اعلان گیٹز فارما کے ایگزیکٹو چیئرمین خالد محمود نے ہفتے کی شب کراچی میں طبی ماہرین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خالد محمود نے کہا کہ یہ کامیابی پوری دوا ساز صنعت کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کمپنی کے پہلے پلانٹ کو 2017 میں عالمی ادارہ صحت کی پری کوالیفکیشن ملی تھی۔
استولا پلانٹ کو 2 نومبر 2026 کو یہ اعزاز ملا۔ استولا پلانٹ کی تیاری پر 12 سال لگے اور یہ مرکز 2022 میں فعال ہوا جہاں چھ الگ مینوفیکچرنگ سہولتیں قائم ہیں۔
گیٹز فارما اس وقت 45 سے زائد ممالک کو ادویات برآمد کر رہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ذیشان احمد نے کہا کہ پاکستان سے ہونے والی ادویات کی مجموعی برآمدات میں گیٹز فارما کا حصہ تقریباً 50 فیصد ہے۔ کمپنی کے مطابق گیٹز فارما پاکستان کی واحد دوا ساز کمپنی ہے جسے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ فارماسیوٹیکل انسپیکشن کوآپریشن اسکیم کی بین الاقوامی شناخت بھی حاصل ہے۔


