کراچی (این این آئی) میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا پہلا اجلاس گزشتہ روز پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں مختلف اداروں کے افسران اور مقتول میر رضا کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
مقتول کے اہلخانہ اور ان کے وکیل جبران ناصر کے مطابق اجلاس میں صرف مقتول کے والد کا بیان قلمبند کیا گیا۔ جبران ناصر نے بتایا کہ انہوں نے اپنے خدشات جے آئی ٹی کے سامنے رکھ دیے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او فیروز آباد کے کردار کی باریک بینی سے تحقیقات کی جائیں۔ اس کے علاوہ احمد اور عبداللہ بہاردے کے کردار کا بھی جائزہ لیا جائے۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے کہا کہ کیس کی تفصیلی تحقیقات کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ازسرنو جائزے کے لیے پولیس سمیت دیگر متعلقہ ادارے کام کریں گے۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے مزید کہا کہ آئندہ اجلاس میں متعلقہ پولیس افسران کو بھی طلب کیا جائے گا۔


