لزبن (انٹرنیشنل ڈیسک) بین الاقوامی شہرت یافتہ پرتگالی کپتان اور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے اچانک روانگی پر معافی مانگتے ہوئے کوچ جارج جیسس پر دو مرتبہ وعدہ خلافی کا الزام عائد کیا ہے۔
رونالڈو نے بتایا کہ کوچ جارج جیسس کے ساتھ طے پایا تھا کہ وہ فٹنس بہتر بنانے کے لیے ناروے اور ڈنمارک کے خلاف میچز نہیں کھیلیں گے۔
ناروے کے خلاف میچ کے روز کوچ نے اچانک بتایا کہ وہ تیس منٹ کے لیے کھیلیں گے لیکن دوسرے ہاف کے آغاز پر وارم اپ کے باوجود میدان میں نہیں اتارا گیا۔
رونالڈو کے مطابق اس کے بعد النصر کے اسپورٹس ڈائریکٹر کی موجودگی میں ملاقات ہوئی جس میں کوچ کی جانب سے پریس کانفرنس میں وضاحت کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔
رونالڈو نے کہا کہ کوچ نے اس معاہدے سے انکار کر دیا جو دوسری مرتبہ وعدہ خلافی تھی جس کے بعد انہوں نے کیمپ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے شائقین کو الوداع نہ کہنے اور ساتھی کھلاڑیوں کو چھوڑ کر جانے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کو مناسب کارروائی کا فیصلہ کرنا چاہیے۔
رونالڈو نے واضح کیا کہ وہ قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کر رہے اور فٹ ہونے پر بدستور دستیاب رہیں گے۔


