کراچی (صورتِ حال، نیوز ڈیسک) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی احمد پرویز آرٹ گیلری میں تیسری بین الاقوامی آرٹ نمائش ”شیئرڈ ہورائزنز“ کا افتتاح کر دیا گیا۔ 12 سے 16 نومبر تک جاری رہنے والی نمائش میں 11 غیرملکی اور 19 پاکستانی فنکاروں کے فن پارے پیش کیے گئے ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق سندھ کے وزیر بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ جمعرات کو نمائش کا افتتاح کیا۔ یہ نمائش تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026 کا حصہ ہے۔
ناصر حسین شاہ نے پاکستان اور مختلف ملکوں سے آنے والے فنکاروں کا خیرمقدم کیا اور ثقافتی سرگرمیوں کے تسلسل پر زور دیا۔ انہوں نے نمائش کے انعقاد پر آرٹس کونسل کی ٹیم کو مبارکباد دی۔
محمد احمد شاہ نے بتایا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے دوران ہر پانچ دن بعد نئی آرٹ نمائش پیش کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق فیسٹیول میں فلم، موسیقی، تھیٹر، مصوری اور رقص کے پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے ثقافتی تبادلوں کو ملکوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کا ذریعہ قرار دیا۔
نمائش میں موزمبیق، برازیل، یونان اور ایران کے فنکاروں کے ساتھ پاکستانی مصوروں کا کام شامل ہے۔ کولمبیا، امریکا اور اٹلی کے میورل آرٹسٹوں کے فن پارے بھی پیش کیے گئے ہیں۔ شائقین 16 نومبر تک احمد پرویز آرٹ گیلری میں نمائش دیکھ سکتے ہیں۔


