امریکی اداکارہ سلمی بلیئر کو لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی پرواز میں مبینہ طور پر فضائی عملے کے ارکان پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز میں پیش آنے والے اس واقعے میں عملے کے دو ارکان زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔
چون سالہ اداکارہ سلمی بلیئر گرفتار ہوئیں اور انہیں نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پرواز کی لینڈنگ کے بعد حراست میں لیا گیا۔ عدالت میں اداکارہ پر ہسپتال منتقلی کے دوران پولیس اہلکار اور نرس پر مبینہ حملے کے الزامات عائد کیے گئے۔
عدالت نے ملزمہ کی ضمانت کے لیے بیس ہزار ڈالرز نقد یا ساٹھ ہزار ڈالرز کے بانڈ کی شرط مقرر کی ہے۔
اداکارہ کے نمائندے نے موقف اختیار کیا ہے کہ پرواز کے دوران طبی ہنگامی صورتِ حال پیش آئی تھی جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔ ڈیلٹا ایئر لائنز نے کہا ہے کہ کمپنی عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے اور غیر قانونی رویے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی رکھتی ہے۔
ایف بی آئی بھی طیارے کے اندر پیش آنے والے مبینہ حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔


