نیوز ڈیسک (کراچی) اسکردو کی پرواز کو چھ گھنٹے بعد کراچی واپس پہنچنے پر مسافروں نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ پرواز میں معروف گلوکار بلال مقصود بھی سوار تھے۔
گلوکار کا کہنا ہے کہ اسکردو میں لینڈنگ سے بیس منٹ قبل پائلٹ نے طیارہ واپس موڑ لیا تھا۔ یہ پرواز پی کے 455 گزشتہ صبح آٹھ بجے کراچی سے اسکردو کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
ایئر لائن ذرائع کے مطابق موسمی خرابی پر پرواز کو واپس موڑ کر اسلام آباد اتارا گیا تھا۔ مسلسل موسمی خرابی کے باعث طیارے کو ری فیولنگ کے بعد کراچی لایا گیا۔
ایک مسافر کا کہنا ہے کہ اسکردو سے یو ٹرن لینے پر پائلٹس نے کوئی آگاہی اعلان بھی نہیں کیا تھا۔ ترجمان ایئر لائن نے کہا ہے کہ اسلام آباد لینڈ کرنے پر کئی مسافر مشتعل ہوئے اور عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مسافروں کو ٹکٹ مکمل ری فنڈ کرنے یا اگلے سفر کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔


