لاہور (این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں انسدادِ سموگ انفورسمنٹ مزید تیز کر دی گئی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہائی اے کیو آئی والے علاقوں میں سموگ گنز آپریشن اور پانی کا مسلسل چھڑکاؤ بڑھا دیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 233 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا جن میں 12 یونٹس سیل، 2 مسمار اور 4 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ 17 یونٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے۔
اس دوران 434 اینٹوں کے بھٹوں کی انسپیکشن میں 9 بھٹے مسمار، 4 سیل اور 7 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ 13 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف 27 مقدمات درج اور 8 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
سینئر صوبائی وزیر نے کسانوں اور صنعت کاروں سے اپیل کی کہ فصلوں کی باقیات ہرگز نہ جلائیں اور دھواں پھیلانے والی سرگرمیوں سے گریز کریں۔ حکومت نے کسانوں کو فصلیں تلف کرنے کے لیے 10 ہزار سپر سیڈرز فراہم کیے ہیں۔


