لاہور (بزنس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آسان ٹیکس سکیم کے تحت پندرہ اکتوبر کے بعد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں پر پچیس ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو رجسٹریشن کی مد میں پچیس ہزار روپے جبکہ جرمانے کی مد میں مزید پچیس ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔ تاجروں کو رجسٹریشن اور ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے تاریخ میں توسیع جرمانے کے ساتھ دی جائے گی۔
آسان ٹیکس سکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن اور ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی شرح توقعات سے کم رہی ہے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ نے بھی سکیم کے تحت تاجروں کی رجسٹریشن اور گوشواروں کی کم تعداد پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ سرتوڑ کوششوں کے باوجود آسان ٹیکس سکیم کے تحت ڈیڑھ سو سے بھی کم نئے گوشوارے جمع ہوئے ہیں۔ مالی سال دو ہزار چھبیس کے لیے اب تک ملک بھر میں تقریباً چھیاسٹھ لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے جاچکے ہیں۔
تیس ستمبر دو ہزار چھبیس تک گوشواروں کی تعداد اٹھاون لاکھ تھی۔ تنخواہ دار طبقے کے ایسے افراد جن کی آمدن کا واحد ذریعہ تنخواہ ہے انہیں ایڈوانس انکم ٹیکس کی ادائیگی کے لیے نوٹس نہیں بھیجا جائے گا۔
تنخواہ کے علاوہ دیگر ذرائع سے آمدن حاصل کرنے والے افراد سے قابلِ ایڈجسٹ ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کیا جاسکتا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے تاجروں کو آسان ٹیکس سکیم کے تحت رجسٹریشن اور انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔


