لاہور (بیورو رپورٹ) اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی 38.3 فیصد آبادی کثیرالجہتی غربت کا شکار ہے جبکہ بھارت میں یہ شرح 16.4 فیصد اور بنگلہ دیش میں 14.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق کثیرالجہتی غربت کا جائزہ صرف آمدن کی بنیاد پر نہیں لیا جاتا بلکہ اس میں صحت، تعلیم اور معیارِ زندگی سے متعلق محرومیوں کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ ان میں غذائیت، بچوں کی اموات، تعلیم کے سال، اسکولوں میں حاضری، صفائی، پینے کے صاف پانی، بجلی، رہائش اور گھریلو اثاثوں جیسے اشاریے شامل ہیں۔
یو این ڈی پی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کثیرالجہتی غربت کا شکار افراد میں محرومیوں کی شدت 51.7 فیصد ہے، جبکہ مزید 12.9 فیصد آبادی کو اس غربت کا خطرہ لاحق ہے۔
رپورٹ میں عالمی سطح پر بھی غربت میں اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے اور دنیا بھر میں کثیرالجہتی غربت کا شکار افراد کی تعداد بڑھ کر 1.2 ارب ہو گئی ہے۔


