کالا شاہ کاکو (نیوز ڈیسک) مریدکے منوں آباد کے قریب ڈکیتی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی شہری سٹی پولیس کے حدود کے تنازع اور عدم تعاون کے باعث چار گھنٹے تک طبی امداد سے محروم رہا۔ منوں آباد اسٹاپ کے قریب رکشہ سوار شہریوں کو مسلح ڈاکوؤں نے روکا۔
مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے فلک شیر اور طاہر خان شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی فلک شیر کو تین گولیاں لگیں اور ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈیوٹی ڈاکٹر فرخ کے مطابق فلک شیر کی حالت تشویشناک تھی۔ ڈاکٹر نے اسے فوری لاہور منتقل کرنے کی ہدایت کی اور پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس اہلکار اسپتال آئے لیکن قانونی کارروائی اور حدود کے چکر میں ساتھ جانے سے انکار کر دیا۔ اس وجہ سے زخمی شہری چار گھنٹے تک ایمبولینس میں تڑپتا رہا۔
سٹی پولیس کا مؤقف تھا کہ وقوعہ فیروزوالہ تھانے کی حدود میں آتا ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق فیروزوالہ پولیس بھی حدود سے انکاری ہو کر واپس چلی گئی۔
اس تنازع اور تاخیر سے ایک زخمی پرائیویٹ گاڑی کے ذریعے لاہور روانہ ہوا، جبکہ فلک شیر کو بعد میں لاہور ریفر کیا گیا۔ عوامی حلقوں نے حد بندی کے تنازع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔


