نیوز ڈیسک (کوئٹہ) بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے پلانتک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران پانچ دہشتگرد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بدھ کے روز کی گئی اس کارروائی میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے آر پی جی 7، گولے، میگزینز، جدید ہتھیار، موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ عناصر عوام کو لوٹنے اور خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث تھے۔
دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا۔ رہنماؤں نے اپنے بیانات میں کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بھرپور قومی حمایت سے جاری رہیں گی۔


