بیورو رپورٹ (ملتان) محکمہ ریلوے نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کے حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ پاکستان ریلوے کے مطابق ٹرین کو حادثہ مکینیکل خرابی کی وجہ سے ہوا۔
لگیج کوچ کا سائیڈ ہینگر ٹوٹنے سے یہ حادثہ پیش آیا۔
تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹوٹا ہوا ہینگر ٹرن آؤٹ کراسنگ میں پھنس گیا تھا۔ حادثے کی جگہ سے ٹوٹا ہوا ہینگر بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ شیر شاہ پل کے قریب رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا تھا۔ اس حادثے میں ایک بچی سمیت سات افراد جاں بحق اور چالیس زخمی ہوئے تھے۔
کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کی تمام پندرہ بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔ ایک مسافر نے بتایا کہ حادثہ صبح سوا پانچ بجے پیش آیا۔
روہڑی کے قریب بوگی نمبر نو کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔


