اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت آصف علی زرداری سے یورپی کمشنر برائے داخلہ امور میگنس برونر نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تارکین وطن کی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام اور قانونی نقل مکانی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یورپی یونین کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 18 ماہ میں غیر قانونی نقل مکانی میں 64 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جس نے اس قدر کمی حاصل کی۔
ملاقات کے دوران یورپی کمشنر نے غیر قانونی تارکین وطن کو روکنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ فریقین نے قانونی نقل مکانی میں سہولت فراہم کرنے کے امور پر بھی گفتگو کی۔


