لاہور میں صدر آصف علی زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات۔
لاہور (صورتحال نیوز ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے معاشی استحکام اور ترقیاتی عمل تیز کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ اتحادی جماعتوں کے تعاون، مشاورت کے تسلسل اور عوامی فلاحی منصوبوں کی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے صدر مملکت کو اپنے دورۂ ترکیہ اور موسمیاتی کانفرنس کاپ 31 میں شرکت کے بارے میں آگاہ کیا۔
ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔


