کوئٹہ (این این آئی) پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ الیکٹرک رکشوں کے لیے پالیسی مرتب کرنے کی خاطر محکمہ ٹرانسپورٹ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں رکشہ یونین کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔
انہوں نے ہفتہ کو آل کوئٹہ رکشہ یونین کے صدر شاہ مراد خان اور جنرل سیکرٹری طارق محمود کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔ وفد نے رکشہ صنعت کو درپیش مسائل اور شہر میں الیکٹرک رکشے چلانے سے متعلق امور پر گفتگو کی۔
میر لیاقت لہڑی کے مطابق پالیسی کو کسی ایک کمپنی تک محدود رکھنے کے بجائے تمام متعلقہ کمپنیوں کو شامل کیا جائے گا۔ سیکرٹری آر ٹی اے کو کمپنیوں کے معیار، ساکھ اور دیگر ضروری پہلوؤں کا جائزہ لے کر مفصل رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔
انہوں نے رکشوں کو عوام کی سفری ضروریات پوری کرنے والی اہم صنعت قرار دیتے ہوئے یونین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں نائب صدر لیاقت محمد حسنی، ایاز احمد، حاجی باری محمد حسنی اور ملک قادر لہڑی بھی شامل تھے۔


