انٹرنیشنل ڈیسک (نیوز ڈیسک) — یورپی یونین کے امریکی سیٹلائٹ کمپنی سپیس ایکس پر انحصار کم کرنے کے لیے اپنے سیٹلائٹ منصوبے کی مسابقتی قوانین کے تحت منظوری جلد حاصل کرنے کے لیے شراکت دار اداروں لیونارڈو ایس پی اے، ایئربس ایس ای اور تھیلز ایس اے کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق اس معاملے سے آگاہ عہدیدار نے بتایا ہے کہ اس منصوبے کو یورپی یونین کی جانب سے سپیس ایکس کے متبادل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ہونے والے مذاکرات میں اس منصوبے سے متعلق مسابقتی خدشات کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
مذکورہ عہدیدار کا کہنا ہے کہ متعلقہ کمپنیوں نے تاحال درخواست جمع نہیں کرائی، تاہم یورپی یونین کے حکام کو توقع ہے کہ وہ آئندہ چند ہفتوں میں ایسا کر دیں گے۔ پراجیکٹ برومو کے نام سے معروف اس منصوبے کو یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے ایک ممکنہ یورپی چیمپئن قرار دیا ہے۔


