لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی شاہی خاندان سے منحرف شہزادہ ہیری اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی یادگار اور مشہور سیاہ لباس ریوینج ڈریس کو نیلام ہونے سے قبل حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شہزادی ڈیانا کا یہ لباس رواں سال دسمبر میں معروف نیلام گھر سوتھبیز میں نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ ریڈار آن لائن کا دعوی ہے کہ شہزادہ ہیری نہیں چاہتے کہ یہ لباس کسی نجی خریدار کے پاس چلا جائے۔
شہزادہ ہیری کا خیال ہے کہ یہ لباس ان کی والدہ کی یاد سے جڑا رہنا چاہیے اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو اس کا مالک ہونا چاہیے۔ پرنس ہیری کا ماننا ہے کہ میگھن مارکل ہی اس لباس کی صحیح حق دار ہیں اور وہ اس کی علامتی اہمیت کو باخوبی سمجھتی ہیں۔
شہزادی ڈیانا نے معروف ڈیزائنر کرسٹینا اسٹامبولین کا تیار کردہ یہ آف شولڈر سیاہ لباس جون 1994 میں لندن کی سرپینٹائن گیلری میں پہنا تھا۔ یہ وہ وقت تھا جب شاہ چارلس کی جانب سے ازدواجی بے وفائی کے اعترافات سامنے آئے تھے اور اس لباس کو انتقامی لباس کا نام ملا۔
شہزادی ڈیانا اکتیس اگست انیس سو ستانوے کو ایک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئی تھیں جب شہزادہ ہیری کی عمر بارہ سال تھی۔


