لاہور (صورتِ حال، ایجوکیشن ڈیسک) پنجاب یونیورسٹی محفل میلاد نبی ﷺ کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ کی آمد کا دن بنی نوع انسان کی تاریخ کا سب سے بہترین دن ہے۔
پنجاب یونیورسٹی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام یہ تقریب لاء کالج کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں پرنسپل پنجاب یونیورسٹی لاء کالج پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، خزانہ دار تسنیم کامران، کنٹرولر امتحانات محمد رئوف نواز اور دیگر نے شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کا قانون و نظام نبی کریم ﷺ کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچے عاشق رسول ﷺ کے لیے ضروری ہے کہ وہ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرے اور دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے پرہیزگاری اور تقویٰ اختیار کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اسوۂ حسنہ پر عمل کرتے ہوئے ایک دوسرے کی عزت و احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے میلاد کمیٹی کے اراکین، نعت خواں اور مقررین کی تعریف کرتے ہوئے آئندہ بھی ایسی محافل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پنجاب یونیورسٹی محفل میلاد نبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی سکالر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت و کردار ہماری کامیابی کا ذریعہ ہیں۔ ان کے مطابق، آپ ﷺ کی آمد نے دنیا کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر علم کی روشنی سے منور کیا اور تہذیب و شعور عطا کیا۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں سے بھی حسن سلوک سے پیش آتے تھے، جبکہ امت کو تقسیم کے بجائے متحد رہنے کی ضرورت ہے۔


