لاہور (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) جے یو آئی لاہور اجلاس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اشیائے ضروریہ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے مؤثر عملی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔
جمعیت علما اسلام ضلع لاہور کی مجلس عاملہ کا اجلاس ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا محب النبی کی زیر صدارت ہوا، جس میں ارکان نے ملکی، قومی، دینی اور تنظیمی امور سمیت عوامی مسائل کا جائزہ لیا۔
اجلاس کے شرکا نے کہا کہ اشیائے ضروریہ، پٹرولیم مصنوعات اور بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عام آدمی مالی مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اجلاس میں مکہ مکرمہ کے قریب حوثی ڈرون واقعے کی مذمت بھی کی گئی اور مولانا فضل الرحمن کے موقف کی حمایت کا اظہار کیا گیا۔ شرکا کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ امت مسلمہ کے ایمان و عقیدت کے مراکز ہیں اور حرمین شریفین کی حرمت و تقدس کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔
جے یو آئی لاہور اجلاس کے اختتام پر مولانا احسان الحق، حافظ عبدالودود قاضی کی اہلیہ، جمال عبدالناصر کے خالہ زاد بھائی، مولانا قاری غلام حسین فاروقی کے بڑے بھائی، مولانا شبیر احمد عثمانی کے چچا زاد بھائی اور دیگر مرحومین کے لیے دعا کی گئی۔
اجلاس میں تنظیمی و جماعتی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت کی گئی، جس کی تفصیلات کے مطابق باقاعدہ سرکلر کے ذریعے جاری کی جائیں گی۔


