اسلام آباد (صورتِ حال، کرائم رپورٹر) آئی جی اسلام آباد کا دورہ شہدا و غازی پولیس اہلکاروں کے گھروں اور پولیس لائنز تک رہا، جہاں کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے اہلخانہ سے ملاقات اور فلاح و بہبود کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
آئی جی نے شہید اے ایس آئی محسن ظفر، دورانِ سروس وفات پانے والے کانسٹیبل سیف علی شاہ اور دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی کانسٹیبل محمد حنیف کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے اہلخانہ کی خیریت دریافت کی، مسائل و ضروریات سے آگاہی لی اور شہدا کے بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔
غازی کانسٹیبل محمد حنیف کی عیادت کے موقع پر آئی جی نے کہا کہ شہدا پولیس فورس کے ہیروز ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو شہدا کے اہلخانہ اور غازی اہلکاروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے اور مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
آئی جی اسلام آباد کا دورہ پولیس لائنز میں مختلف برانچز، رہائشی بیرکس اور میس کے معائنے پر بھی مشتمل تھا۔ انہوں نے رہائشی بیرکس میں اہلکاروں کے مسائل سنے اور بہتر رہائشی و بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے میس میں کھانے کے معیار کا جائزہ لیتے ہوئے معیاری اور صحت بخش کھانا فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ پولیس لائنز میں موجود غازی اہلکاروں سے بھی ملاقات کی گئی اور ان میں تحائف تقسیم کیے گئے۔


