لاہور (این این آئی) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری قیصر نذیر احمد ساہی اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی چودھری ارشد علی ہنجرا نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش موجودہ کڑے حالات میں سیاست کے معتبر ناموں کو آگے آ کر اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔
سیاستدان ذاتی اناء اور سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی مفاد میں مذاکرات کا راستہ اختیار کریں تاکہ ملک کو سیاسی استحکام کی جانب گامزن کیا جا سکے۔
اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہی ہے جس کے خاتمے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور قومی اداروں کو متحد ہو کر مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ قومی سلامتی اور ملکی استحکام کے معاملات پر اتفاق رائے وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی قیادت اپنے رہنمائوں کو غیر ذمہ دارانہ بیان بازی سے روکنے کے لیے واضح ہدایات جاری کرے تاکہ سیاسی ماحول میں کشیدگی کم اور مفاہمت کی فضا قائم ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو معاشی، سیاسی اور امن و امان کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
وکلاء برادری آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہے گی۔


