اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیرِ اہتمام پچیسویں نیشنل مینز اینڈ ویمنز نیٹ بال چیمپئن شپ کا آغاز تیئیس دسمبر سے لیاقت جمنازیم، پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں ہوگا۔ پاکستان واپڈا اور کاسموپولیٹن اکیڈمکس بالترتیب مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں اپنے اپنے ٹائٹلز کا دفاع کریں گے۔
اس بات کا اعلان پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر محمد ثمین ملک نے کیا۔
چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے ملک بھر سے مختلف ڈیپارٹمنٹس، صوبائی اور ریجنل کی پندرہ ٹیموں کو مدعو کیا گیا ہے۔
ان ٹیموں میں پاکستان آرمی، پاکستان ریلوے، پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پی این ایف اکیڈمی، کاسموپولیٹن اکیڈمکس، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ٹیموں کے منیجرز کا اجلاس بائیس دسمبر کو شام چار بجے علامہ اقبال ہاسٹل، پاکستان اسپورٹس بورڈ میں منعقد ہوگا۔ سیمی فائنل مقابلے چوبیس دسمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل مقابلے پچیس دسمبر کو ہوں گے۔
اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیموں کے لئے منتخب کیا جائے گا۔


