انٹرنیشنل ڈیسک (صورتِ حال، DESK) یورپی ملک البانیہ کے دارالحکومت تیرانا میں وزیراعظم ایڈی راما کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین اور پولیس کے درمیان مسلسل پانچویں روز بھی شدید جھڑپیں ہوئیں۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پہلی مرتبہ ربڑ کی گولیاں چلائیں، جبکہ واٹر کینن، آنسو گیس اور مرچوں کے اسپرے کا بھی استعمال کیا گیا۔
عرب ٹی وی کے مطابق منگل سے جاری مظاہروں میں ہزاروں افراد شریک ہیں۔ مظاہرین یونیورسٹیوں کی صورت حال اور بھاری تعلیمی فیسوں پر احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم ایڈی راما سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
مظاہرین نے پولیس پر پتھر، دھاتی اشیا، آتش گیر بوتلیں اور آتش بازی کے آلات پھینکے۔
البانیہ کے پولیس سربراہ اسکندر ہیتا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہفتے بھر کے احتجاج کے دوران 167 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 388 افراد کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کردی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پانچ روزہ احتجاج کے دوران 132 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
اختیارات سے تجاوز کے الزامات پر سات پولیس اہلکاروں کو معطل بھی کر دیا گیا ہے۔


