لاہور میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے پبلک سروس وہیکلز اور ہیوی ٹریفک کی خصوصی چیکنگ کا حکم دیا گیا ہے۔ شہر میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے اور نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبد الرحیم شیرازی کے مطابق ہیوی ٹریفک رات 11 بجے سے پہلے شہر میں داخل نہیں ہو سکتی۔ صبح 7 بجے کے بعد بھی کمرشل اور ہیوی گاڑیوں کو شہر میں چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پابندی کے زمرے میں ٹریکٹر ٹرالیاں، ٹرالرز، ٹرک، لوڈرز اور کنسٹرکشن مشینری بھی شامل ہیں۔ مقررہ اوقات کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف چالان کے بجائے مقدمات درج کیے جائیں گے۔
رات کے وقت ہیوی ٹریفک کو قافلوں کی صورت میں مرحلہ وار شہر میں داخل کیا جا رہا ہے۔ آئل ٹینکرز کو بھی صرف مقررہ اوقات میں ہی نقل و حرکت کی اجازت دی گئی ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے گاڑیوں کی باڈی سے باہر نکلے سامان کو حادثات کی بڑی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ کمرشل گاڑیاں کل ٹریفک کا 4.5 فیصد ہیں لیکن 44 فیصد حادثات میں ملوث ہیں۔


