سوات (صورتِ حال، کرائم رپورٹر) آلائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے سابق پی ایم اے سوات عصمت گروپ کے اجلاس میں رکن اور سابق صدر خورشید احمد کے 2 ستمبر سے لاپتا ہونے اور مبینہ اغوا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خورشید احمد کی بازیابی کے لیے حکومت سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔
گروپ کے بانی چیئرمین اور تنظیم کے سابق صدر عصمت اللہ خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے شرکا نے کہا کہ خورشید احمد کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع نہ ملنا، ضلعی و صوبائی تنظیموں کی جانب سے مؤثر ردعمل سامنے نہ آنا اور پولیس کے اقدامات ناکافی ہونا افسوس ناک ہے۔
اجلاس کے شرکا نے حکومت سے اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے خورشید احمد کی بازیابی یقینی بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے برادری کی ضلعی اور صوبائی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی آئینی و تنظیمی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے بازیابی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنے کے اقدامات کریں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ خورشید احمد ضلعی تنظیم کے چار مرتبہ رکن، تین مرتبہ صدر اور دس سال تک صوبائی ایگزیکٹو باڈی کے مسلسل رکن رہ چکے ہیں۔


