سکھر (اسپورٹس ڈیسک) سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کی میزبانی میں سکھر میں قومی جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2026 کا آغاز ہو گیا ہے۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے دو سو سے زائد لڑکے اور لڑکیاں حصہ لے رہے ہیں اور یہ مقابلے 22 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
افتتاحی تقریب میں سیکریٹری کھیل و امورِ نوجوانان سندھ منور علی مہیسر اور کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے شرکت کی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری برائے کھیل صائمہ آغا اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان، اسلام آباد، پاکستان آرمی اور پاکستان واپڈا کی ٹیمیں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
دریں اثنا سکھر میں شیرِ سندھ کے نام سے ہونے والے کبڈی میچ میں سندھ کی ٹیم نے پنجاب کی ٹیم کو شکست دے کر کامیابی حاصل کر لی۔


