کراچی (این این آئی) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی عروسہ قریشی اور بلال قریشی کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔ عروسہ قریشی کی جانب سے انسٹاگرام پر بے وفائی سے متعلق پیغامات شیئر کیے جانے کے بعد دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگی ہیں۔
عروسہ قریشی نے حال ہی میں انسٹاگرام اسٹوریز پر ایسے پیغامات شیئر کیے جن میں بے وفائی اور ازدواجی رشتوں میں اعتماد کی اہمیت کا ذکر تھا۔ علیحدگی کی افواہوں کو اس وقت مزید ہوا ملی جب عروسہ نے انسٹاگرام پر بلال قریشی کو ان فالو کردیا جبکہ بلال قریشی اب بھی عروسہ کو فالو کر رہے ہیں۔
دونوں اداکاروں نے چودہ فروری دو ہزار پندرہ کو شادی کی تھی اور ان کے دو بیٹے سہان اور رومان ہیں۔ شوبز جوڑی کی ان افواہوں پر مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور وہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔


