نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) ٹک ٹاک نے ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک پر بنی دستاویزی فلم مسک کی تشهیر کرنے والا اکاؤنٹ مستقل طور پر معطل کر دیا۔ امریکی جریدے کے مطابق یہ اقدام سیاسی مواد کی پالیسیوں کی بار بار خلاف ورزی پر اٹھایا گیا ہے۔
فلم کی ڈسٹری بیوٹر کمپنی کو جمعے کی سہ پہر معطلی سے مطلع کیا گیا جس کے بعد وہ اشتہارات نہیں خرید سکے گی۔ ٹک ٹاک پر فلم کا غیر معاوضہ شدہ اکاؤنٹ بدستور فعال ہے لیکن کمپنی اشتہارات کے لیے ادائیگی سے قاصر ہے۔
ڈسٹری بیوٹر کمپنی کے ترجمان نے معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے اس پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب فلم کی نمائش شمالی امریکا کے 470 سے زائد سنیما گھروں تک پھیل چکی ہے۔
کمپنی نے اس فیصلے کے خلاف اپیل بھی دائر کر دی ہے۔ آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز الیکس گبنی کی اس دستاویزی فلم میں ایلون مسک کی تجارتی سلطنت اور سیاسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔


