لاہور (صورتِ حال، ہیلتھ ڈیسک) ملک بھر کے منتخب 97 اضلاع میں ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم دو سے آٹھ نومبر تک جاری رہے گی۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق مہم کے دوران پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔
صوبہ وار تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 13 منتخب اضلاع میں 92 لاکھ 78 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ سندھ کے 20 منتخب اضلاع میں 68 لاکھ 83 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے 27 منتخب اضلاع میں 48 لاکھ 8 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ بلوچستان کے 31 منتخب اضلاع میں 22 لاکھ 17 ہزار سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا منصوبہ ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 47 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ گلگت بلتستان کے 3 منتخب اضلاع میں ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد بچوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے 2 منتخب اضلاع میں ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف ہے۔ نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کا مقصد بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا اور مرض کا خاتمہ ہے۔
والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور بچوں کو قطرے پلوائیں۔


