فائل فوٹو
کراچی (بزنس ڈیسک) ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے قرضوں کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ فنانسنگ ڈیٹا کے مطابق سال 2026 کی دوسری سہ ماہی میں ایس ایم ایز کے قرضے 943 ارب روپے تک پہنچ گئے۔
یہ حجم گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے اور اس پیشرفت کو کاروباری شعبے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کے لیے فنانسنگ کا ہدف ڈیڑھ کھرب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایس ایم ایز کے قرضوں میں بہتری کے ساتھ ان کا انفیکشن ریشو بھی نمایاں طور پر کم ہو گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق انفیکشن ریشو 23 فیصد سے کم ہو کر 11.7 فیصد پر آ گیا ہے۔
چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کے نان پرفارمنگ لونز کا حجم 80 ارب سے 125 ارب روپے کی حد میں رہا۔ ماہرین کے مطابق ایس ایم ایز کے لیے قرضوں میں اضافہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
تاہم مقررہ ہدف کے حصول کے لیے کاروباری اداروں کو آسان شرائط پر قرضوں کی دستیابی اہم ہوگی۔


