کراچی سے نامہ نگار کے مطابق نوجوان گلوکارہ ایمن زارا کی پہلی انفرادی موسیقی کی محفل نے شائقین کے دل جیت لیے۔ آرٹس کونسل کراچی میں منعقدہ شو میں انہوں نے اپنی آواز سے حاضرین کو محظوظ کیا۔
ایمن زارا نے پرفارمنس کے دوران پاکستان کے نامور گلوکاروں کے مقبول گیت پیش کیے۔ ان میں حدیقہ کیانی، نازیہ حسن، سجاد علی اور ملکہ ترنم نورجہاں کے گیت شامل تھے۔
انہوں نے موسیقار زلفی کو بھی گیت کے ذریعے خراجِ تحسین پیش کیا۔ پنجابی گیت سانو نہر والے پل تے بلا کے پر ان کی پرفارمنس کو شرکاء نے سراہا۔
ایمن زارا معروف موسیقار خرم جمشید کی صاحبزادی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ تقریباً دو برس سے پرفارم کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کی پہلی انفرادی پرفارمنس تھی جسے بھرپور پذیرائی ملی۔ ان کے مطابق موسیقی سے ان کا تعلق بچپن سے ہے اور گھر کی فضا نے محبت کو جنون میں بدلا۔


