فیصل آباد (نیوز ڈیسک) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے فیصل آباد کو ملک کا پہلا سرکلر سٹی قرار دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد پاکستان اور عوام کی ترقی ہے۔
گورنر نے مشکل حالات میں معیشت کا پہیہ رواں رکھنے والی بزنس کمیونٹی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے صنعت اور اکیڈمی کے درمیان خلا کو دور کرنے کے لیے تمام جامعات کے وائس چانسلرز کو چیمبر کا دورہ کرنے کا پابند کرنے کا اعلان کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ آئندہ ہفتے گورنر ہاؤس کی جانب سے ایک فوکل پرسن نامزد کیا جائے گا جو بیوروکریٹک رکاوٹوں کے بغیر کاروباری مسائل حل کرے گا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ بزنس کمیونٹی مہنگی بجلی، توانائی، بلند شرح سود اور ٹیکسوں کے بوجھ سے پریشان ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے تاجروں کی ملاقات کرائیں گے۔ چیمبر کے صدر عارف احسان ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی کا کیمپس قائم کرنے اور صنعتی قوانین میں بہتری کا مطالبہ کیا۔


