کراچی (این این آئی) سندھ میں موبائل تشخیصی اور ہنگامی طبی خدمات کے ذریعے گزشتہ ایک دہائی میں 50 لاکھ 19 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے محکمہ بحالی گیانچند ایسرانی نے ڈائریکٹوریٹ آف موبائل ڈائیگناسٹک اینڈ ایمرجنسی ہیلتھ کیئر سروسز کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ کے 17 اضلاع میں 20 موبائل طبی یونٹس عوام کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ گیانچند ایسرانی نے مریضوں کے ریکارڈ اور طبی سہولتوں کی نگرانی کے لیے ڈیجیٹل پورٹل ایک ہفتے میں فعال کرنے کا حکم دیا ہے۔
عمرکوٹ کے ماڈل موبائل اسپتال کے ذریعے 3 ہزار 654 زچگیاں کرائی جا چکی ہیں اور 18 ہزار سے زائد مریضوں کو طبی سہولتیں ملی ہیں۔ انہوں نے تمام گاڑیوں میں نگرانی کے آلات فعال کرنے اور سہولتوں سے متعلق مؤثر تشہیری مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔


