لاہور (صورتِ حال، ہیلتھ ڈیسک) جناح ہسپتال اور علامہ اقبال میڈیکل کالج میں گریڈ 17 اور اس سے اوپر کی بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے کا دوبارہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔ محکمہ سپیشلائزڈ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ستمبر 2025 میں بورڈ آف مینجمنٹ کو ان تقرریوں کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔
یہ معاملہ بورڈ آف مینجمنٹ کے متعدد اجلاسوں میں زیر بحث آنے کے بعد حتمی فیصلے کے لیے پیش کیا گیا۔ محکمہ صحت کے مطابق سرکاری اداروں میں بھرتی، تقرری اور توسیع کے معاملات قانون، قواعد اور مجاز اتھارٹی کے مقررہ طریقہ کار کے تابع ہیں۔
محکمہ صحت نے کہا کہ اختیارات سے تجاوز، ریکارڈ میں ابہام یا مقررہ منظوری کے بغیر تقرری اور توسیع کو معمول کا انتظامی عمل تصور نہیں کیا جا سکتا۔ جناح ہسپتال اور علامہ اقبال میڈیکل کالج کی بھرتیوں کے معاملے سمیت ایسے امور کا قانون اور قواعد کے مطابق غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق اس عمل کا مقصد ماضی کی بے ضابطگیوں کا تعین کرنے کے ساتھ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ادارہ جاتی ذمہ داری واضح کرنا ہے۔ محکمہ نے سرکاری ہسپتالوں اور میڈیکل اداروں میں میرٹ، شفافیت، قانونی اختیار اور ادارہ جاتی جوابدہی پر سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔


