واشنگٹن سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگٹ نے کہا ہے کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے امریکا اور ترکیہ کی کوئی مشترکہ تجویز موجود نہیں ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ امریکا لبنان کی سیاست کے ڈھانچے میں تبدیلی کی کسی تجویز کی حمایت نہیں کر رہا ہے۔
ٹومی پگٹ نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا لبنان کے اس سیاسی نظام میں تبدیلی کا حامی نہیں ہے جو 1990 کے طائف معاہدے کے تحت قائم ہوا تھا۔ انہوں نے اسرائیل، لبنان اور امریکا کے درمیان جون میں طے پانے والے سہ فریقی فریم ورک معاہدے سے امریکی وابستگی کا اعادہ کیا۔
ترجمان کے مطابق اس معاہدے کا بنیادی مقصد خطے میں تنازعات کا سلسلہ ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہے۔ دوسری طرف عرب میڈیا کی رپورٹ میں دعوی کیا گیا تھا کہ اس معاہدے کے مقاصد میں لبنان کی خود مختاری بحال کرنا اور حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا شامل ہے۔


