اسلام آباد (صورتِ حال، بیورو رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا سب سے بڑا جرم دہشت گردی کے خلاف جنگ سے لاتعلقی ہے بلکہ بھتے کی صورت میں مالی وسائل مہیا کرنا ہے، اور پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دہشت گردوں کے ساتھ ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا کو محض پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمی، احتجاج یا لانگ مارچ کے تناظر میں دیکھنا اصل مسئلے سے نظریں چرانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر ایک صوبائی حکومت کی جانب سے کب تک وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کی کوششیں ہوتی رہیں گی اور صوبائی حکومت پر براجمان پارٹی کب تک ملک کے وفاقی اداروں کے ساتھ مسلسل محاذ آرائی جاری رکھے گی۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ امن و امان، انسداد دہشتگردی، فنکشنل حکمرانی، وفاقی استحکام اور متعلقہ آئینی و قانونی تقاضوں کی تکمیل ہمارا قومی ایجنڈا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ ان کا نصب العین گروہی مفادات کا حصول ہے یا وطن عزیز کے ایجنڈے کی تکمیل۔


