فائل فوٹو
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں مصنوعی ذہانت کا باقاعدہ استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں، میڈیا اور مبصرین کے ضابطہ اخلاق میں اے آئی کی ترامیم تجویز کی ہیں۔
انتخابی عمل میں اے آئی کا غلط استعمال روکنے کیلئے عوام اور سیاسی جماعتوں سے 20 نومبر تک تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار اور حامی اے آئی سے بنا یا تبدیل شدہ انتخابی مواد واضح لیبل کے بغیر شائع نہیں کر سکیں گے۔ ڈیپ فیک، مصنوعی آواز اور ویڈیو پر اے آئی جنریٹڈ ہونے کا واضح ذکر کرنا لازم ہوگا جبکہ ووٹرز کو دھوکا دینے والا مواد بنانا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
میڈیا کے اے آئی استعمال سے متعلق جاری کردہ ترامیم کے تحت تمام پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز اے آئی مواد پر واضح لیبل لگائیں گے۔ میڈیا ہاسز مصنوعی ذہانت کا استعمال صرف مواد کی تیاری، ترجمہ اور تجزیہ کیلئے کر سکیں گے۔
الیکشن کمیشن نے 2023 میں تیار کردہ ضابطہ اخلاق میں یہ ترامیم تجویز کی ہیں۔


