فائل فوٹو
فائل فوٹو
نیوز ڈیسک (دوحہ) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت قطر کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ دوحہ میں عالمی سرمایہ کاری فورم 2026 سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی پیداوار اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں وسیع صلاحیت رکھتا ہے۔
وزير تجارت نے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ فیصل بن قاسم الثانی سے ملاقات کی جس میں آئی ٹی، لاجسٹکس، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
جام کمال خان نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کاروباری برادریوں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے حساد فوڈ کے چیف ایگزیکٹو علی ہلال الکواری سے ملاقات میں زرعی سپلائی چین اور طویل المدتی شراکت داری پر غور کیا۔
جام کمال خان نے ترکیہ کے نائب وزیر تجارت مصطفی توزجو سے بھی ملاقات کی جس دوران دوطرفہ تجارت، زراعت اور توانائی میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تین روزہ عالمی سرمایہ کاری فورم 25 سے 27 اکتوبر تک جاری رہے گا جس میں مختلف ممالک کے وزرا اور سرمایہ کار شریک ہیں۔


