لاہور (صورتِ حال، ڈیسک) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کا اچانک دورہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، او پی ڈی، پرچی کاؤنٹر، لیبارٹری اور ریڈیالوجی شعبے کا معائنہ کیا۔ اس دوران لیبارٹری میں مریضوں کے رش پر صوبائی وزیر صحت نے برہمی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے لیبارٹری میں عملے کی تعداد بڑھانے اور ٹیسٹ کاؤنٹرز میں اضافے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، انہوں نے مریضوں کو ٹیسٹوں کے لیے طویل انتظار سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔ صوبائی وزیر صحت نے مریضوں اور لواحقین سے ملاقات کر کے طبی سہولیات اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔


