اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو بیرونی امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب لے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے حکومت اور نجی شعبے کا اشتراک ناگزیر ہے، جبکہ ترقی کا عمل سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے جڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے ساتھ پائیدار ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ برآمدات، سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ فنانس ملکی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جبکہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ نجی شعبے کی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ عالمی مالیاتی اداروں اور کاروباری برادری سے تعاون مزید بڑھانا ہوگا، جبکہ معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔


