اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے رات کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ گیس کی کمی کے باعث بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی، جبکہ رات کے اوقات میں بجلی کی طلب بڑھنے پر لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔
انہوں نے عوام کے صبر و برداشت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ بجلی چوری والے علاقوں میں اضافی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔
اویس لغاری کے مطابق قطر سے گیس کے مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی پیداوار میں اضافے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور توانائی کے شعبے میں بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔


