اسلام آباد (کشمیر ڈیسک) – امریکہ، چین اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر اور آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ قواعد پر مبنی عالمی نظام کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کو مضبوط بنانا ہوگا۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا دورہ پاکستان علامتی اور عملی، دونوں حوالوں سے اہم ہے جب عالمی نظام متعدد بحرانوں کا سامنا کر رہا ہے۔
سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی تنازع ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتونیو گوتریس نے کشمیر اور فلسطین کے مسائل پر مضبوط مؤقف اختیار کیا، تاہم سلامتی کونسل میں تقسیم نے عملی اقدامات کی صلاحیت کو محدود کیا۔


