کوئٹہ (این این آئی) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کھادوں کی عدم دستیابی اور بلیک مارکیٹ میں فروخت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے اوپن مارکیٹ میں ڈی اے پی اور یوریا کھادوں کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے۔
بیان کے مطابق کھادوں کی عدم دستیابی اور مہنگے داموں فروخت کے باعث کاشتکاروں کے پیداواری اخراجات میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں باغات، سبزیوں اور فصلوں کو بروقت کھاد نہ ملنے سے زرعی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کھادوں کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔


