مظفرآباد کے پوش علاقے ساتھرہ کھاوڑہ چوک پل کی حفاظتی دیوار نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثات معمول بن گئے ہیں۔ حادثات کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
شہری ادارے اس صورتحال پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
دو پلوں کے درمیان خالی جگہ اور بائی پاس روڈ پر ایم ڈی اے دفتر سے ترکی چوک تک حفاظتی دیوار کا نہ ہونا بھی حادثات کا سبب ہے۔ متعدد بار معاملے کو نوٹس میں لانے کے باوجود تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔
جامع مسجد طارق آباد اور کھاوڑہ چوک کے درمیان مین روڈ پر مین ہولز روڈ کی سطح سے نیچے ہیں۔ اس خامی کی وجہ سے رکشے، کاریں اور موٹر سائیکل سوار حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم معاملے کو اپنے سو روزہ پلان میں شامل کیا جائے۔ حفاظتی دیوار کی تعمیر اور مین ہولز کی درستگی پر خصوصی توجہ دی جائے۔


